پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار سید جبران نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پھانسی سے بال بال بچے۔
جبران، جو اپنی جاندار اداکاری اور منفرد کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، حال ہی میں جیو ٹی وی کے پروگرام "ہسنا منع ہے” میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا یہ خطرناک تجربہ بیان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان پر پھانسی کا منظر فلمایا جا رہا تھا۔ وہ تختے پر کھڑے تھے، چہرے پر نقاب تھا اور لیور کھینچنے کا عمل ریکارڈ ہونا تھا۔ اسی دوران لیور پھنس گیا اور شوٹنگ رک گئی۔ ڈائریکٹر نے سین دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا اور جیسے ہی وہ تختے سے نیچے اترے، لیور دوبارہ کھنچا اور تختہ اچانک کھل گیا۔ جبران کے مطابق اگر وہ اس وقت پلیٹ فارم پر موجود ہوتے تو ان کی جان جا سکتی تھی۔
اداکار نے کہا کہ یہ لمحہ زندگی اور موت کے بیچ کا فاصلہ تھا۔ واقعے کے بعد پوری ٹیم سکتے میں آگئی اور سب نے انہیں فوری طور پر صدقہ دینے کا مشورہ دیا۔
سید جبران نے مزید کہا کہ یہ واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ زندگی کتنی غیر یقینی ہے اور لمحے بھر میں بدل سکتی ہے۔





تبصرے بند ہیں