اسلام آباد : آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرزایسوسی ایشن کی پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی اور کہا آج ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے مجوزہ نظام اور کم مارجن پر تحفظات کے باعث آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
جس کے بعد وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایسوسی ایشن کو مذاکرات کے لیے مدعو کر لیا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان آج شام 4 بجے اہم اجلاس ہوگا، جس میں کمیشن میں اضافے، قیمتوں کے تعین کے نظام، سپلائی کے مسائل اور ڈیلرز کے دیگر مطالبات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما انعام الحق نے کہا کہ ہمارے تمام مطالبات بالکل جائز ہیں، روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام قابل قبول نہیں، موجودہ کمیشن کے ساتھ پیٹرول پمپ چلانا معاشی طور پر ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کے نظام کو بھی بہتر بنائے اور ڈیلرز کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔
انعام الحق نے خبردار کیا کہ اگر آج ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتی ہے، تاہم اگر مطالبات پر مثبت پیشرفت نہ ہوئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اپنے جائز حقوق کے لیے آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔






تبصرے بند ہیں