متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد وسیم نے روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ میں محمد وسیم نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے 54 اننگز میں 110 چھکے لگا کر روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔
البتہ مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اب بھی روہت شرما کے پاس ہے، جنہوں نے 159 میچوں میں 205 چھکے لگائے ہیں۔ محمد وسیم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، وہ اب تک 80 میچوں میں 176 چھکے جڑ چکے ہیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور صرف 37 گیندوں پر 67 رنز اسکور کیے، جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ تاہم ان کی یہ اننگز ٹیم کو فتح نہ دلا سکی اور یو اے ای 20 اوورز میں 150 رنز تک محدود رہی۔






تبصرے بند ہیں