سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ نوجوان پاکستانی اداکار ثمر جعفری اور عینا آصف کو ڈرامہ سیریل ”پروَرش“ کی ایک قسط میں Kiss کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دعویٰ غلط ہے۔ ویڈیو کو عوامی طور پر دستیاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل طور پر تبدیل کیا گیا ہے۔

دعویٰ
27 مئی کو ایک یوٹیوب چینل نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار ثمر جعفری ڈرامہ سیریل ”پروَرش“ کے ایک منظر میں اپنی شریک اداکارہ عینا آصف کو Kiss کر رہے ہیں۔
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ویڈیو کو 5 لاکھ 40 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا اور 10ہزار سے زائد دفعہ لائک کیا گیا ہے۔
حقیقت
یہ ویڈیو جعلی ہے۔ ڈرامہ سیریل کے ایک اصل منظر کو ڈیجیٹل طور پر اس طرح تبدیل کیا گیا کہ یوں لگے جیسے دونوں نوجوان اداکار ایک دوسرے کو kiss کر رہے ہیں۔
جیو فیکٹ چیک نے ویڈیو کی تصدیق کے لیے ریورس امیج اور کی ورڈ سرچ کی۔ اصل کلپ کی شناخت ڈرامہ ”پروَرش“ کی قسط 15 کا حصہ کے طور پر ہوئی۔
قسط کا مکمل جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ ایسا کوئی منظر اصل میں موجود نہیں ہے۔ وائرل ویڈیو میں جھوٹے طور پر پیش کیا گیا لمحہ دراصل ”پروَرش“ کی قسط 15 میں 26 منٹ اور 5 سیکنڈ کے ٹائم اسٹیمپ پر اپنی اصل، بغیر ترمیم شدہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، جو ڈرامے کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔
فیصلہ: دعویٰ غلط ہے۔ ویڈیو کو AI ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے تبدیل کیا گیا ہے اور یہ ”پروَرش“ میں ثمر جعفری اور عینا آصف کے درمیان کسی حقیقی رومانوی منظر کی عکاسی نہیں کرتی۔





تبصرے بند ہیں