ویسٹ انڈیز نے 33 سال بعد پاکستان کو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی، فیصلہ کن تیسرے ون ڈے میں گرین شرٹس کو 202 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی۔
ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے 94 گیندوں پر شاندار 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جب کہ جسٹن گرویوز نے 24 گیندوں پر 43، ایون لیوئس نے 37 اور روسٹن چیز نے 36 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو، دو جب کہ محمد نواز اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا۔ صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
محمد نواز 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، نسیم شاہ نے 6 اور حسین طلعت نے ایک رن بنایا۔
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ گوڈاکیش موتی نے دو اور روسٹن چیز نے ایک وکٹ لی۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا۔






تبصرے بند ہیں