انگلینڈ کے فاسٹ بولر کرس ووکس نے زخمی ہاتھ کے ساتھ میدان میں اتر کر بیٹنگ کی کوشش کی، جس سے شائقین کو پاکستان کے سابق کپتان سلیم ملک کی یاد آ گئی۔
یہ واقعہ 1986ء کے فیصل آباد ٹیسٹ کی یاد دلاتا ہے، جب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ جاری تھا۔ اس دوران ویسٹ انڈین فاسٹ بولر میلکم مارشل کی گیند سلیم ملک کے ہاتھ پر لگی، جس کے باعث وہ زخمی ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، بعد میں وہ دوبارہ کریز پر آئے اور وسیم اکرم کے ساتھ آخری وکٹ پر 32 رنز کی شراکت قائم کی۔ سلیم ملک نے زخمی ہاتھ سے 14 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 رنز بنائے اور تقریباً 41 منٹ تک وکٹ پر جمے رہے۔ اس میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 186 رنز سے شکست دی تھی۔
گزشتہ روز بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی اسی طرح کی صورتحال دیکھنے کو ملی، جب انگلینڈ کے کرس ووکس زخمی ہاتھ کے باوجود اس وقت بیٹنگ کے لیے آئے جب ٹیم کو جیت کے لیے 17 رنز درکار تھے۔ دوسرے اینڈ پر گس ایٹکنسن نے کچھ دیر مزاحمت کی، لیکن 6 رنز کی کمی سے آؤٹ ہو گئے، انہیں محمد سراج نے پویلین بھیجا۔
کرس ووکس نے اگرچہ کسی گیند کا سامنا نہیں کیا، تاہم ان کا زخمی حالت میں کریز پر آنا قابلِ ذکر رہا۔ انگلینڈ کی ٹیم 367 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے یہ میچ 6 رنز سے جیت لیا۔





تبصرے بند ہیں