کراچی میں عید کی شاپنگ کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق آج سے شہر کے مختلف اضلاع میں تعینات سیکشن آفیسرز اورٹریفک اسٹاف روزانہ شام7 بجے سے شاپنگ سینٹرز اورمارکیٹوں میں رات گئےتک کاروباری سرگرمیوں کےاختتام تک اپنےفرائض انجام دیں گے ۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے عید خریداری کے دوران شہر کی اہم اور مصروف مارکیٹوں سمیت شاہراہوں پراضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، اللہ والی چورنگی سے اتحاد سگنل تک رکشہ ٹیکسی داخلہ ممنوع ہوگا،کمرشل گاڑیوں والے حضرات اللہ والی سے نورانی سگنل میڈی کیر اور شہید ملت روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ڈرگ روڈ سے آنے والی ٹریفک میلینیم برج سے نیپا جاسکے گی، برج کے نیچے رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا، حیدری مارکیٹ پر رش ہونےکی صورت میں نارتھ کراچی سے آنے والی کمرشل ٹریفک فائیو اسٹار چورنگی سے شارع نورجہاں، لنڈی کوتل چورنگی کاراستہ اختیار کرسکیں گے جب کہ بورڈ آفس سے آنے والی ٹریفک کے ڈی اے چورنگی سے ضیاءالدین چورنگی اورشارع نورجہاں سےنارتھ کراچی کا راستہ استعمال کریں ۔
ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ فوارہ سے جی پی او اور سنگرچوک سے زیب النساء اسٹریٹ تک رکشہ و ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا، رکشہ ٹیکسی یا کمرشل گاڑیوں والے حضرات فوارہ سے ایم آر کیانی چوک، سرور شہید روڈ، کوسٹ گارڈسے ریگل یا تبت سینٹر کا راستہ اختیار کریں، ایم اے جناح روڈ سے سنگرچوک اور پریڈی اسٹریٹ اور صدر دواخانہ کا روٹ استعمال کریں۔






تبصرے بند ہیں