آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران صدر اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترکیہ صدر رجب طیب اردوان اور وزیر قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی، اور باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلیٰ سطحی بات چیت میں خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر غور سمیت مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ وژن پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل، ترک جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلچوک بائراکتاروغلو کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایک پروقار تقریب میں سی ڈی ایف کی نمایاں خدمات اور دوطرفہ عسکری تعاون کو بڑھانے کی کوششوں کے اعتراف میں، جنرل سلچوک بائراکتاروغلو نے فیلڈ مارشل ترک مسلح افواج کے ‘امتیازی خدمات کے ایوارڈ’ سے نوازا۔
سپہ سالار نے ترک بری فوج کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل میٹن ٹوکل نے ان کا استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل نے مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار ‘انیت کبیر’ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پھول رکھے اور جدید ترکی کے بانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل کا یہ دورہ دونوں اقوام کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے کثیر جہتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کریں اور علاقائی امن و استحکام کیلیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔






تبصرے بند ہیں