امریکی ریاست ورجینیا میں ایک 64 سالہ شخص پر فٹبال میچ بغیر کسی رکاوٹ کے دیکھنے کے لیے اپنی بیوی کو گھر کے تہہ خانے میں کرسی سے باندھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 11 اکتوبر کی رات ورجینیا کے شہر رچمنڈ میں پیش آیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گھریلو تنازع کی اطلاع موصول ہونے کے بعد موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں خاتون نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر نے اسے کرسی کے ساتھ باندھ کر تہہ خانے میں چھوڑ دیا تھا اور وہ تقریباً 30 سے 45 منٹ تک کرسی سے بندھی رہی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے خاتون کے دونوں بازوؤں پر نشانات بھی دیکھے، جن کے بارے میں خاتون نے بتایا کہ نشانات ٹیپ سے باندھے جانے کے باعث پڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت ٹیری وارڈ کے نام سے ہوئی ہے جسے گرفتار کر کے اغواء اور گھریلو تشدد سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹیری وارڈ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو کرسی سے باندھ کر تہہ خانے میں رکھا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم بیوی کو کرسی سے باندھ کر تہہ خانے میں رکھنے کے بعد مبینہ طور پر گھر کی اوپری منزل پر فٹبال میچ دیکھ رہا تھا، تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ کون سا میچ دیکھ رہا تھا یا واقعے سے پہلے میاں بیوی کے درمیان کیا تنازع ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطاق اب اس مقدمے کی اگلی سماعت 10 نومبر 2026ء کو مقرر ہے، تاحال مقدمے کا حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے، اس لیے ملزم پر عائد الزامات کو ثابت شدہ جرم نہیں سمجھا جاسکتا۔






تبصرے بند ہیں