بھارتی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ اسمتا جائیکر نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کی شوٹنگ کے دوران سنجے لیلا بھنسالی نے سلمان خان کو ڈانٹ پلا دی تھی۔
حال ہی میں بھارتی اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران 1999ء میں ریلیز ہونے والی فلم کی شوٹنگ سے متعلق یادیں تازہ کی ہیں۔
فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں اداکارہ ایشوریا رائے کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی اسمتا جائیکر نے بتایا ہے کہ ہدایت کار نے ایک مرتبہ سلمان خان کو اس وقت سختی سے ڈانٹا، جب انہوں نے گانے ’آنکھوں کی گستاخیاں‘ کے دوران ایشوریا رائے کا بازو پکڑ لیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان کا یہ عمل ان کے جذبات کا اظہار تھا، حالاں کہ اس منظر میں ایسا کرنا طے نہیں تھا۔
گانے آنکھوں کی گستاخیاں کی شوٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ سلمان خان کو میز کے گرد چکر لگا کر آگے آنا تھا، جبکہ ایشوریا قریب ہی کھڑی تھیں، تاہم سلمان نے مبینہ طور پر آگے بڑھ کر ان کا بازو پکڑ لیا جبکہ انہیں صرف وہاں کھڑے ہو کر ایشوریا کو دیکھنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس پر سنجے لیلا بھنسالی نے سلمان خان کو سختی سے ٹوکتے ہوئے پوچھا کہ سلمان، تم نے ایسا کیوں کیا؟
فلم ادھوری ایک کہانی کی اداکارہ کے مطابق اس غیر متوقع لمحے نے سیٹ پر موجود سب لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی تھی، یہ وہ وقت تھا جب سلمان خان اور ایشوریا رائے کے درمیان محبت پروان چڑھ رہی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور ایشوریا رائے کے درمیان رومانوی تعلقات تقریباً 3 سال تک جاری رہنے کے بعد مارچ 2002ء میں ختم ہو گئے تھے۔





تبصرے بند ہیں