ٹرمپ کا امریکی تیل کی پیداوار بڑھانے کیلئے ڈیفنس پروڈکشن ایکٹ نافذ کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیٹرولیم کی پیداوار، تیل صاف کرنے اور اس سے متعلقہ سرگرمیوں کو قومی دفاع کے لیے ضروری قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے اس اقدام کے نتیجے میں فوسل فیول کے منصوبوں کے لیے وفاقی فنڈز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

صدارتی یادداشت کے ذریعے ٹرمپ نے سرد جنگ کے دور کے ڈیفنس پروڈکشن ایکٹ (دفاعی پیداوار کے قانون) کی دفعہ 303 کا سہارا لیا، جس کے تحت امریکی حکومت تیل کی پیداوار، پائپ لائنوں، ذخیرہ گاہوں اور سمندری ٹرمینلز کے لیے مالی معاونت فراہم کر سکتی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر پیٹرولیم کی پیداوار، ریفائننگ اور ترسیل کے نظام کی مضبوط اور قابلِ اعتماد صلاحیت کو یقینی بنانا امریکا کی دفاعی تیاری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ پیٹرولیم ملک کی مسلح افواج، صنعتی ڈھانچے اور اہم بنیادی سہولتوں کو توانائی فراہم کرتا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو امریکا کی دفاعی صلاحیتیں بدستور تعطل کے خطرے سے دوچار رہیں گی۔

امریکی صدر کے اس فیصلے کا اطلاق تیل کی تلاش اور پیداوار، تیل جمع کرنے اور منتقل کرنے والی پائپ لائنوں، ذخیرہ گاہوں اور سمندری ٹرمینلز پر ہو گا۔

READ  کراچی کی مرکزی شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کی دھلائی مہم کا آغاز ہوگیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں