پاکستان اور سنگاپور کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے ملاقات کی ہے۔ جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفرااسٹرکچر، لاجسٹکس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے سنگاپور کی اقتصادی ترقی، جدت اور کامیاب تبدیلی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ سطح پر اور آسیان کے پلیٹ فارم کے ذریعے تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں فریقین نے باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس بریفنگ میں سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا ہے کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر خوشی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کی آزادی کو تسلیم کیا، پاکستان کے اس تاریخی کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور مسلسل مشاورت جاری ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کرنا بھی خوش آئند ہے۔

READ  وزیراعظم کی ایران میں موجود پاکستانیوں کو آذربائیجان کے راستے بحفاظت پاکستان لانےکی ہدایت

سنگاپور کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بہترین ہیں تاہم تجارتی حجم میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان اور سنگاپور کے تاجروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ غیر یقینی عالمی معاشی صورتحال میں مضبوط اقتصادی تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سنگاپور پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ اور کاربن اخراج میں کمی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کر رہا ہے۔ کاربن مارکیٹس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم شعبہ بن سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں