امریکی ریاست اوریگن میں دو ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹر تصادم کے بعد ایک شاہراہ کے قریب کھیت میں گر کر تباہ ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 22 سالہ امریکی خاتون فلائٹ انسٹرکٹرایک برطانوی زیرِ تربیت پائلٹ اور دوسرے ہیلی کاپٹر میں سوار ایک شخص شامل ہے۔
فضائی تصادم کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب بوسنیا میں اطالوی فوج کا سی ایچ فورٹی سیون چنوک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 4 فوجی ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر یورپی یونین کے امن مشن میں حصہ لے رہا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں عملے کے 15 ارکان سوار تھے۔
یورپی یونین کے فوجی مشن نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔ اطالوی فوجی ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔






تبصرے بند ہیں