وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے وژن کے تحت پاک چین تعاون کو نئی جہت دینے کے تناظر میں ن لیگ کا 14 رکنی نوجوان رہنماؤں کا وفد چین کے سرکاری دورے پر ہے۔
وفد کی قیادت رکن قومی اسمبلی رانا ارادت شریف خان کر رہے ہیں، پنجاب ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی صدر ایم پی اے آمنہ حسن شیخ بھی وفد میں شامل ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سلطان باجوہ، اوسامہ فضل، رانا شہریار، حیدر سلطان، قاسم ندیم، ایم این اے عثمان عویسی اور شمائلہ رانا بھی وفد کا حصہ ہیں۔ 11 روزہ تربیتی پروگرام 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔ جدید طرزِ حکمرانی، چینی ترقیاتی ماڈل، معاشرتی نظام اور قدرتی آفات سے بچاؤ پر تربیت دی جائے گی۔
وفد چین آسیان مصنوعی ذہانت مرکز، ہواوے کے علاقائی ہیڈکوارٹر، اور روبوٹکس مراکز کا دورہ بھی کرے گا۔ جدید زراعت اور صحت کے مراکز کا مشاہدہ بھی پروگرام کا حصہ ہے۔
دورے کا مقصد پاکستانی نوجوان قیادت کو جدید ٹیکنالوجی اور بہتر حکومتی نظام کے تجربات سے روشناس کرانا ہے۔ تاکہ ڈیجیٹل ترقی، جدت اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پاکستان کی پائیدار ترقی کی نئی راہیں کھل سکیں۔






تبصرے بند ہیں