راولپنڈی میں نمک کی قیمت پر 100 روپے کے تنازع نے جھگڑے کی شکل اختیار کرلی، ملزمان نے شہری پر حملہ کرکے اس کا بایاں کان دانتوں سے کاٹ کھایا، جس سے کان جسم سے الگ ہوگیا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں مرغی کی دکان کے مالک اور زخمی شہری طلعت محمود کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
متن مقدمہ کے مطابق مدعی کی دکان کے ساتھ احمد کا تندور ہے، جہاں نمک فراہم کرنے والے ریاض سے 100 روپے کے لین دین پر جھگڑا ہوا۔
طلعت محمود کے مطابق انہوں نے ریاض کو گالیاں دینے سے منع کیا اور کہا کہ یہاں خواتین بھی کھڑی ہیں، جس پر ریاض نے اپنے بیٹے کے ہمراہ ان پر حملہ کردیا اور دانتوں سے ان کا کان کاٹ لیا۔
مدعی کے مطابق ان کا بایاں کان جسم سے الگ ہوگیا، ڈاکٹروں نے پلاسٹک سرجری تجویز کی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ایک ملزم ریاض کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔






تبصرے بند ہیں