مصر کے شہر الغردقہ کے جنرل اسپتال میں ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کے ذریعے ایک مریض کے معدے سے موبائل فون نکال لیا، جسے اُس نے نگل لیا تھا۔
ریڈ سی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، مریض کو شدید پیٹ درد، مسلسل قے اور کمزوری کی شکایت کے باعث اسپتال لایا گیا۔ طبی معائنے اور اسکین کے دوران معلوم ہوا کہ اس کے معدے میں کوئی بھاری چیز موجود ہے، جو بعد میں ایک چھوٹا موبائل فون نکلا۔ مریض کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ غلطی سے پیش آیا۔
اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کریم الشبراوی کے مطابق، ماہر سرجنز کی ٹیم نے فوری آپریشن کر کے فون نکال لیا۔ سرجری کامیابی سے مکمل ہوئی اور کسی پیچیدگی کے بغیر مریض ہوش میں آ گیا، جس کی حالت اب مستحکم ہے، تاہم وہ مزید نگرانی میں ہے۔
حکام کی جانب سے یہ وضاحت نہیں دی گئی کہ فون معدے میں کیسے پہنچا۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں پیش آنے والے ان غیر معمولی واقعات میں شامل ہو گیا ہے جن میں افراد نے خطرناک اشیاء نگل لیں۔ مصر میں اس سے قبل 2021 میں بھی ایسا ہی ایک کیس رپورٹ ہوا تھا، جب ایک شخص کی غذائی نالی میں موبائل فون پھنس گیا تھا، جسے ایمرجنسی سرجری کے ذریعے نکالا گیا۔






تبصرے بند ہیں