اپنے والد کے انتقال کے غم کے باوجود پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے گزشتہ روز کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے کنسرٹ میں شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو متاثر کر دیا۔
یہ کنسرٹ سندھ حکومت کی جانب سے بھارت کو شکست دینے اور یومِ آزادی کے جشن کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کیا گیا، جس میں معرکہ حق اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں پروگرام پیش کیا گیا۔
کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ اس کنسرٹ میں عاطف اسلم کے علاوہ راحت فتح علی خان، سجاد علی، حدیقہ کیانی، کیفی خلیل، خماریاں اور طفیل سنجرانی نے بھی پرفارم کیا۔ والد کی جدائی کے باوجود عاطف اسلم نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے بھرپور اور دم دار پرفارمنس پیش کی۔
پرفارمنس کے دوران گلوکار کے چہرے پر غم کا کوئی اثر ظاہر نہیں ہوا، جسے دیکھ کر حاضرین حیران رہ گئے اور ان کی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ شائقین نے عاطف اسلم کو حقیقی ہیرو قرار دیا۔ تقریب کا اختتام کیک کاٹنے اور شاندار آتش بازی کے ساتھ ہوا۔
واضح رہے کہ مایاناز گلوکار عاطف اسلم کے والد، سینئر بیوروکریٹ چوہدری اسلم، 12 اگست کو لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔






تبصرے بند ہیں