بھارت: فلم باڈی نے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی سے 50 لاکھ روپے معاوضے کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘لو اینڈ وار’ کے سیٹ پر ایک کارپنٹر کی موت کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے مزدور کام کے دوران کرنٹ لگنے سے موت کے منہ میں چلا گیا جس کی شناخت چندر دھاری سنگھ یادو کے نام سے ہوئی۔
مزدور کی موت پر فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز ( ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے سنجے لیلا بھنسالی سے متوفی کے خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضہ اور تعلیمی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے کہا کہ فلم ساز پہلے ہی خاندان کو 40 لاکھ روپے بطور معاوضہ فراہم کر چکے ہیں تاہم فیڈریشن اس رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
فیڈریشن نے یہ بھی درخواست کی کہ سنجے لیلا بھنسالی چندر دھاری کے 2 بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کریں۔
واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘لو اینڈ وار’ میں اداکار رنبیر کپور، وکی کوشل اور اداکارہ عالیہ بھٹ ایک ساتھ نظر آئیں گے، اس فلم کی کہانی 2 افسروں کے درمیان ایک پیچیدہ محبت پر مبنی ہے۔
فلم 21 جنوری 2027 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔






تبصرے بند ہیں