ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع

Dikki Bhai's physical remand extended for another 4 days

معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ انہیں لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے مزید ریمانڈ کی درخواست کی، جو عدالت نے یکم ستمبر تک منظور کر لی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش ابھی جاری ہے اور گزشتہ ریمانڈ کے دوران کئی نئے نام سامنے آئے ہیں، جن کی مکمل تفصیل اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کی جائے گی۔ تاہم، یوٹیوبر کے وکیل چوہدری عثمان علی نے ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کی۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق، ڈکی بھائی اور دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر الزام ہے کہ انہوں نے مالی مفاد کے لیے آن لائن جوئے کی ایپس کی تشہیر کی، جن سے عوام کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

ڈکی بھائی کے یوٹیوب اکاؤنٹ سے ایسی 27 ویڈیوز کے لنکس حاصل کیے گئے جن میں ان پلیٹ فارمز کی پروموشن کی گئی تھی، تاہم کئی ویڈیوز بعد میں حذف کر دی گئیں۔

ایف آئی آر میں انہیں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی مختلف دفعات، بشمول دفعہ 13 (الیکٹرانک جعل سازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپیم) اور 26 (اسپوفنگ) کے تحت نامزد کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-B اور 420 بھی شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو 16 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، اور اب تک ان کا جسمانی ریمانڈ متعدد بار بڑھایا جا چکا ہے۔ وہ مزید چار دن حکام کی تحویل میں رہیں گے۔

READ  یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواست پر عدالت کا بڑا فیصلہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں