سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی بڑی اسکرین پر انٹری دینے کی تیاری
بھارت کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی المعروف ایم ایس دھونی جلد مداحوں کے لیے بڑا سرپرائز لے کر آ سکتے ہیں، کیونکہ اطلاعات کے مطابق وہ بڑی اسکرین پر انٹری دینے کی تیاری میں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھونی کے فلمی ڈیبیو کی خبریں اس وقت زور پکڑ گئیں جب بالی ووڈ اداکار آر مادھون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ٹیزر شیئر کیا۔
گزشتہ روز جاری کیے گئے اس مختصر کلپ میں آر مادھون اور ایم ایس دھونی بلٹ پروف جیکٹ اور دھوپ کے چشمے پہنے ٹاسک فورس کے کردار میں ایکشن کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
آر مادھون کے مطابق ’دی چیس‘ نامی اس پروجیکٹ کی ہدایت کاری وسن بالا نے کی ہے، اور اس میں ایم ایس دھونی ایک ایکشن ہیرو کے طور پر جلوہ گر ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پروجیکٹ جلد ریلیز ہوگا تاہم مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی دھونی مختلف فلموں میں کیمو کردار میں نظر آ چکے ہیں، مگر شائقین ان کے اس نئے پروجیکٹ کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔





تبصرے بند ہیں