گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 میجر سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہُڈور گاؤں کے قریب صبح تقریباً 10 بجے کریش ہوا، جو تھکداس کینٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔ شہید ہونے والوں میں پائلٹ ان کمانڈر میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، نائب صوبیدار سبحان مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کے ساتھ ساتھ امدادی و بحالی مشنز کے لیے بھی ہمہ وقت تیاری رکھی جا سکے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد کمانڈر ایف سی این، ڈی جی گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور کمشنر دیامر موقع پر پہنچ گئے، جبکہ عوام کی بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر موجود رہی۔ ہیلی کاپٹر میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی گئی اور دیامر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ اور گورنر گلگت بلتستان نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 15 اگست کو خیبر پختونخوا حکومت کا ایک سرکاری ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں 5 اہلکار شہید ہوئے تھے۔





تبصرے بند ہیں