چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر وزراء بھی شریک تھے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چینی صدر نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چین معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا اور سی پیک اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس میں پاکستان کے اہم اقتصادی شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی قیادت اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ اس کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر میں شریک رہے گا۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت سی پیک کو پاکستان کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا اور چین کے گلوبل گورننس، گلوبل ڈیولپمنٹ، گلوبل سیکیورٹی اور گلوبل سولرائزیشن جیسے اقدامات کی مکمل حمایت کی۔
وزیراعظم نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور فسطائیت مخالف جنگ کی 80ویں سالگرہ پر چینی صدر کو مبارکباد بھی دی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف تیانجن سے بلٹ ٹرین کے ذریعے بیجنگ پہنچے جہاں نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم جنگِ عظیم دوم میں فاشزم کے خلاف کامیابی کی 80ویں سالگرہ کی تقریب اور چین-پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔





تبصرے بند ہیں