اسپین سے تعلق رکھنے والے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے سیریل ہولڈر کرسٹین رابرٹو لوپیز روڈریگیز نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کر دیا، جب انہوں نے اونچی ہیل والے جوتے پہن کر 328 فٹ (تقریباً 100 میٹر) پیچھے کی طرف صرف 16.55 سیکنڈ میں دوڑ لگاکر اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
اس سے قبل انہوں نے یہ ریکارڈ اسپین کے ٹی وی شو "La Noche de Los Récords” میں 20.05 سیکنڈز میں قائم کیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اصولوں کے مطابق اس مقابلے کے لیے ان کے جوتے کی ہیل کم از کم 2.76 انچ اونچی ہونی چاہیے تھی اور اس کا اگلا سرا 0.59 انچ سے زیادہ چوڑا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
روڈریگیز اس وقت 80 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حامل ہیں۔ ان کے نمایاں کارناموں میں 400 میٹر لکڑی کے کھڑاؤں میں 1 منٹ 1.38 سیکنڈ میں دوڑنے، چپل پہن کر 100 میٹر فاصلہ 12.10 سیکنڈز میں طے کرنے اور منہ میں چمچ پر انڈا رکھ کر 100 میٹر صرف 17.21 سیکنڈ میں مکمل کرنے کا ریکارڈ شامل ہے۔
مزید یہ کہ انہوں نے انگلی پر پول کیو کو متوازن رکھتے ہوئے 5 منٹ 52.30 سیکنڈز میں ایک میل کا فاصلہ طے کرنے، اور اسپیس ہاپر پر 100 میٹر کی دوڑ 29.91 سیکنڈز میں مکمل کرنے جیسے منفرد ریکارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔






تبصرے بند ہیں