جنوبی افریقہ میں ماریمبا بجانے والوں نے ایک ساتھ جمع ہو کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 1,276 ماریمبا پلیئرز کیپ ٹاؤن کے گرینڈ ویسٹ ارینا میں اکھٹے ہوئے اور دنیا کی سب سے بڑی ماریمبا اینسمبل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس تاریخی موقع پر جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ زمبابوے سے بھی شرکا نے شرکت کی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ گواٹیمالا کے 505 افراد کے پاس تھا، مگر اب جنوبی افریقہ نے یہ اعزاز حاصل کر لیا۔
تقریب کے دوران شرکا نے معروف گانے "Waka Waka” اور "Jerusalema” کی دس منٹ طویل انسٹرومینٹل پرفارمنس پیش کی، جس کی باضابطہ جانچ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک آفیشل نے لندن سے آکر کی۔
اس ایونٹ کا مقصد صرف ریکارڈ قائم کرنا نہیں تھا، بلکہ مختلف سماجی و معاشرتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء اور اسکولوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا۔
تقریب میں 70 سے زائد اداروں سے تعلق رکھنے والے 8 سے 62 سال کی عمر کے افراد نے شرکت کی، جبکہ گرینڈ ویسٹ کیسینو نے اس پروگرام کے تمام اخراجات برداشت کیے۔






تبصرے بند ہیں