یورپ میں مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا

یورپ میں مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا۔ فرانس، بیلجیئم، بلغاریہ، اٹلی اور آسٹریا میں متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔

آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن سے روم جانے والے مسافر طیارے کو بم کی دھمکی کے بعد فرانس کی جانب موڑ دیا گیا۔ جہاں طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ طیارے میں 151 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر تعینات کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بیلجیئم میں مشتبہ اطلاع پر ایک مسافر طیارے کو برسلز ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ جبکہ بلغاریہ میں بم کی دھمکیوں کے باعث تین طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی سے روم جانے والی فن ایئر کی پرواز کو بھی بم کی دھمکی ملی۔ جس کے بعد اطالوی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی نگرانی میں مسافر طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔

ہیلسنکی سے ویانا جانے والی ایک اور پرواز کو بھی بم کی دھمکی دی گئی۔ تاہم طیارہ بحفاظت اتر گیا۔ وارسا سے برسلز جانے والے لاٹ ایئرلائن کے طیارے نے بھی بم کی اطلاع کے باوجود بحفاظت لینڈنگ کرلی۔

یورپی میڈیا کے مطابق منگل کو بھی یورپ کی دس پروازوں کو بم کی دھمکیاں ملی تھیں۔ جبکہ روم میں فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کو حرکت میں لانا پڑا تھا۔

READ  پنجاب میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں