سابق کپتان وسیم اکرم نے بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے
بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں تاہم وہ گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے بعد سے ٹیم سے باہر ہیں۔ رواں ایشیا کپ کے لیے بھی انہیں منتخب نہیں کیا گیا کیونکہ سلیکٹرز نے آئندہ ورلڈ کپ کے پیش نظر نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر مشکل وکٹ پر 150 یا 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا ہو تو بابر جیسا بیٹر ٹیم کے لیے قیمتی ثابت ہو سکتا ہے۔ کھیل میں کچھ تبدیلیاں کرنی ہوں گی لیکن ایسے مواقع پر بابر کی موجودگی اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چار پانچ برس میں بابر اور رضوان کو اوپنر کے طور پر بھرپور موقع ملا، دونوں نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن توقع کے مطابق تسلسل نہیں رہا، اسی لیے اب نئے کھلاڑیوں کو چانس دیا جا رہا ہے۔
وسیم اکرم نے موجودہ ٹیم خصوصاً کپتان سلمان علی آغا کے جرات مندانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکواڈ بڑی ٹیموں کو بھی مسلسل شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔






تبصرے بند ہیں