کراچی میں جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچی سمیت تین افراد جاں بحق اور 75 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے باعث جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال، جناح اسپتال، سول اسپتال اور گلستان جوہر کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہوائی فائرنگ لیاقت آباد، کورنگی، لیاری، محمود آباد، اختر کالونی، کیماڑی، جیکسن، بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، پاپوش نگر، شریف آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، زمان ٹاؤن اور لانڈھی سمیت متعدد علاقوں میں رپورٹ ہوئی۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران مبینہ ٹاؤن، لیاقت آباد، پاپوش نگر، سمن آباد، اورنگی ٹاؤن اور کیماڑی سے 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔






تبصرے بند ہیں