بگ بیش لیگ کے دوران ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے خصوصی اسٹینڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں پاکستانی فینز کے لیے ایک مخصوص اسٹینڈ مختص کیا جائے گا، جسے "ہاؤس آف رؤف” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اقدام میلبرن اسٹارز کے میچز کے دوران پاکستانی اور دیگر ساؤتھ ایشیائی شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ سیزن میں بھی ایم سی جی میں "پاکستان اسٹینڈ” قائم کیا گیا تھا۔
میلبرن اسٹارز کے جنرل منیجر میکس ایبٹ کا کہنا ہے کہ "ہاؤس آف رؤف” بنانے کا مقصد پاکستانی شائقین کو میچز کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی فینز آئیں، میچز سے لطف اندوز ہوں اور اپنی ثقافت کو نمایاں کریں۔”
میکس ایبٹ نے مزید کہا کہ حارث رؤف میلبرن اسٹارز کے بہترین سفیر ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان کا جوش و خروش سے بھرپور کراؤڈ آکر ہماری ٹیم کو سپورٹ کرے گا۔ ان کے مطابق، پاکستانی شائقین کی موجودگی ایم سی جی میں ایک زبردست ماحول پیدا کرتی ہے۔
یاد رہے کہ ساؤتھ ایشیائی کھلاڑیوں اور کمیونٹیز کو شامل کرنا کرکٹ آسٹریلیا کے "ملٹی کلچرل ایکشن پلان” کا اہم حصہ ہے۔






تبصرے بند ہیں