400 روپے ڈیلی الاؤنس کی پیشکش پر پاکستان ہاکی ٹیم کا اظہارِ ناراضی
پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 400 روپے یومیہ الاؤنس کی تجویز کو زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ 400 روپے تو ایک مزدور کی دیہاڑی بھی نہیں بنتی، یہ ہماری توہین ہے اور اس سے بڑھ کر بے قدری کیا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ روزگار پہلے ہی نہیں، اور جو ڈیلی الاؤنس دیا جاتا ہے وہ بھی وقت پر نہیں ملتا۔ اب 400 روپے کی بات کر کے ہماری تذلیل کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں نے خبردار کیا کہ اگر حالات نہ بدلے تو وہ ہاکی چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا، لیکن اب ایسا لگتا ہے جیسے کھلاڑیوں کے گھروں کے چولہے بجھنے لگے ہیں، اور کسی کو ہماری پریشانی کا احساس نہیں۔
اس معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ 400 روپے یومیہ الاؤنس پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے، جبکہ ہاکی فیڈریشن خود کھلاڑیوں کو 100 ڈالر یومیہ الاؤنس دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی 100 ڈالر سے مطمئن نہیں، تو 400 روپے میں وہ کیسے کھیل سکتے ہیں؟






تبصرے بند ہیں