بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کا بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے موجود آسٹریلین کرکٹرز کے ساتھ موٹر سائیکل سوار کی جانب سے نازیبا حرکت کے واقعے پر ردعمل سامنے آگیا۔
2 روز قبل بھارتی شہر اندور میں آسٹریلیا کی 2 ویمن کرکٹرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا ۔
موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے ہوٹل سے کیفے ٹیریا جاتے وقت آسٹریلیا کی 2 ویمن کرکٹرز میں سے ایک کو انتہائی نازیبا طریقے سے چھو کر فرار ہو گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑیوں نے اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر ٹیم سکیورٹی آفیسر کو دی جنہوں نے علاقائی پولیس سے رابطہ کر کے یہ معلومات انہیں فراہم کیں۔
پولیس کے مطابق آسٹریلوی سکیورٹی ٹیم کی شکایت پر فوری طور پر علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز نکلوائی گئیں جبکہ جبکہ موقع پر موجود ایک عینی شاہد نے موٹر سائیکل کا نمبر بھی نوٹ کر لیا تھس جس کی مدد سے متعلقہ شخص کوگرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے اندور میں ویمنز ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلوی ویمنز کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے نامناسب واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائقیا نے اس واقعے کو انتہائی قابل مذمت مگر انفرادی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ایسے واقعات کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مدھیہ پردیش پولیس کی بروقت کارروائی اور ملزم کو گرفتار کرنے پر تعریف کرتے ہیں۔ قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے دیا جائے تاکہ مجرم کو سزا مل سکے۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنے سکیورٹی پروٹوکولز کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ حفاظتی انتظامات کو مزید سخت بنایا جا سکے۔






تبصرے بند ہیں