وزیراعظم شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی جس دوران دونوں رہنماؤں نے پاک ترکیہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ اوردوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اظہار اطمینان کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات انطالیہ میں کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، وزیراعظم اور ترک صدرنے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ تجارت،سرمایہ کاری،دفاع اور توانائی میں اشتراک اور علاقائی روابط بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں اقتصادی روابط مستحکم بنانے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا، خطے کی بدلتی صورتحال اور عالمی سطح پر اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا، صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کردار کی وجہ سے ہی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت فریقین پر وعدوں کی پاسداری پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے قومی مفاد کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت ، پاکستان اور ترکیہ کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔






تبصرے بند ہیں