ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ نیپرا نے درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختار چوہدری کی زیرصدارت سماعت ہوئی، جس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پیش کی۔
درخواست میں بجلی صارفین سے مجموعی طور پر 23 ارب 33 کروڑ روپے وصول کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ مجوزہ اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے کیپیسٹی چارجز کی مد میں 38 ارب 92 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی، جبکہ آپریشنز اینڈ مینٹی نینس کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔
درخواست میں انکریمنٹل کنزمپشن پیکج کے اثرات کی مد میں 29 ارب 25 کروڑ روپے کمی بھی ظاہر کی گئی ہے۔
مجوزہ اضافے کا اطلاق دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
نیپرا محفوظ کیا گیا فیصلہ بعد میں جاری کرے گا، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی صورتحال واضح ہوگی۔






تبصرے بند ہیں