پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ ملک میں کسی قسم کا ملٹری آپریشن نہیں ہونا چاہیے، تاہم اگر کسی جگہ دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات ہوں تو وہاں صرف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی جائیں۔ ہم بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے سخت خلاف ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ آج صرف عمران خان نہیں، بلکہ پورے ملک کا نظام جیل میں بند ہے۔ ملک میں بے روزگاری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بیرون ملک جانے پر مجبور ہو چکی ہے۔ وزرا کی تقاریر سنیں تو لگتا ہے جیسے پاکستان جنت بن چکا ہو، سمجھ نہیں آتی وہ کس پاکستان کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو جھکانے اور تحریک انصاف کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، لیکن یہ تمام حربے ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ جو ظلم کرنا ہے کر لیں، ہمارا لیڈر نہیں جھکے گا، اور ان شاء اللہ ہم سب عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔






تبصرے بند ہیں