چین کے مشہور اداکار شن ژے یوان سوشل میڈیا پر مذاق کا موضوع بن گئے، جب گیم شو کے دوران ان کی وِگ گر گئی اور دیکھنے والے قہقہے لگانے پر مجبور ہوگئے۔ یہ مزاحیہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
رومانوی ڈرامہ "ہڈن لو” سے شہرت پانے والے شن ژے یوان حال ہی میں چینی گیم شو "کیپ رننگ” میں اپنے نئے ڈرامے کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے۔ شو کے ایک سیگمنٹ میں گیم ہارنے پر سزا کے طور پر ساتھی اداکاروں نے ان کے چہرے پر پانی کی بالٹی انڈیل دی، اسی دوران ان کی وِگ اتر گئی اور ساتھی فنکار ہنسی روک نہ سکے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک ساتھی اداکار نے فوراً وِگ واپس ان کے سر پر رکھ دی، جبکہ دوسرے نے کیمرا مین کو یہ مناظر فلمانے سے روکنے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق شن ژے یوان اس وقت ایک پروجیکٹ کی شوٹنگ کر رہے ہیں، جس کے لیے انہوں نے بال کٹوائے اور لُک برقرار رکھنے کے لیے وِگ کا سہارا لیا۔
خود اداکار نے بھی یہ ویڈیو ایپ "ویبو” پر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا: "کچھ نہ کہیں، بس ایسے سمجھیں کہ آپ نے کچھ دیکھا ہی نہیں۔”
شن ژے یوان اس سے قبل "ہینڈسم سبلنگز” اور "آور سیکریٹ” جیسے مشہور چینی ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔






تبصرے بند ہیں