چین سے روانگی، پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا گیا

Departing from China, Pakistan's advanced remote sensing satellite was successfully sent into space

پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین سے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔
سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ سیٹلائٹ جمعرات کی صبح چین سے لانچ کیا گیا۔

سپارکو نے اس پیش رفت کو پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سیٹلائٹ قومی خلائی اہداف کو مزید تقویت دے گا۔
ادارے کے مطابق یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات کے تدارک، اور زراعت جیسے شعبوں میں کلیدی معاونت فراہم کرے گا، جب کہ سی پیک، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیٹلائٹ انفراسٹرکچر کی میپنگ اور قدرتی خطرات کی نشاندہی کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
سپارکو کے ڈائریکٹر کے مطابق اس وقت پاکستان کے چار ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس مدار میں موجود ہیں، اور ان کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا مختلف شعبوں میں فائدہ پہنچا رہا ہے۔

ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ نیا سیٹلائٹ زمین کی نگرانی کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کرے گا۔
بیان میں اس کامیاب مشن کو چین کے ساتھ باہمی تعاون کا نتیجہ قرار دیا گیا، جب کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنس دانوں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سپارکو کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ لانچنگ پاکستان کی پائیدار ترقی کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں سپارکو نے پہلا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ بھی کامیابی سے خلا میں روانہ کیا تھا، جسے چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا تھا۔

READ  چینی J-20 کی آبنائے سوشیما پر پرواز، امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کا جدید ریڈار سسٹم بھی نہ پکڑ سکا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں