پاکستان سمیت دنیا بھر میں ای میل اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ہیکرز ای میل کے ذریعے صارف کی بینکنگ، کلاؤڈ، سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن سروسز تک رسائی حاصل کرکے ذاتی و مالی معلومات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
اس خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ماہرین نے کچھ اہم اقدامات تجویز کیے ہیں جن پر عمل کرکے ہیک شدہ ای میل واپس حاصل کی جا سکتی ہے اور مستقبل کے لیے سیکیورٹی بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
ای میل ہیک ہو جائے تو کیا کریں؟
1. فوراً پاس ورڈ تبدیل کریں
اگر اکاؤنٹ تک رسائی باقی ہے تو فوراً ایک نیا، مضبوط اور منفرد پاس ورڈ رکھیں۔ اگر رسائی نہیں تو "Forgot Password” آپشن کے ذریعے بحال کرنے کی کوشش کریں۔
2. تمام ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ کریں
اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں جا کر تمام مشکوک یا غیر ضروری ڈیوائسز سے فوری طور پر لاگ آؤٹ کریں۔
3. فارورڈنگ سیٹنگز چیک کریں
اکاؤنٹ میں جا کر "Mail Forwarding” کی سیٹنگز دیکھیں اور اگر کوئی غیر ضروری فارورڈنگ فعال ہو تو فوراً بند کر دیں۔
4. ان باکس فلٹرز کا جائزہ لیں
ہیکرز فلٹرز لگا کر اہم ای میلز چھپا سکتے ہیں، اس لیے مشکوک فلٹرز کو ڈیلیٹ کریں۔
5. اپنے کانٹیکٹس کو مطلع کریں
اگر آپ کے اکاؤنٹ سے مشکوک ای میلز بھیجی گئی ہیں تو اپنے جاننے والوں کو فوری آگاہ کریں کہ وہ ایسے پیغامات نظر انداز کریں۔
6. جڑے دیگر اکاؤنٹس کے پاس ورڈ بھی تبدیل کریں
ای میل سے منسلک تمام سروسز جیسے سوشل میڈیا، بینکنگ، شاپنگ اکاؤنٹس کے پاس ورڈ بھی تبدیل کریں۔
ہیکنگ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر: ہمیشہ مضبوط اور یونیک پاس ورڈ استعمال کریں ، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن (2FA) کو فعال رکھیں ، وقتاً فوقتاً اکاؤنٹ ایکٹیویٹی چیک کرتے رہیں۔
پاکستان میں احتیاط کیوں ضروری ہے؟
گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان میں سائبر جرائم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ایف آئی اے کے مطابق 2023 میں ایک لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں ای میل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیکنگ کے کیسز بھی شامل تھے۔
اپنی آن لائن موجودگی کو محفوظ بنانے کے لیے ان احتیاطی تدابیر پر عمل نہایت ضروری ہے۔






تبصرے بند ہیں