پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ امریکا میں کھیلی گئی سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار جیت پر قومی ٹیم لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، عزم اور جذبہ دکھایا، جس پر قوم کو فخر ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے اور اُمید ہے کہ وہ اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 190 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی۔





تبصرے بند ہیں