سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت سے متعلق آٹھ اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ کو قانونی سوالات پر تیاری کی ہدایت دی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ضمانت کے فیصلے میں دی گئی فائنڈنگز کو فی الحال زیر بحث نہیں لائیں گے، کیونکہ اس مرحلے پر قانونی نکات چھیڑنے سے کسی ایک فریق کا کیس متاثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج صرف فریقین کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے بات کرنے کی کوشش کی، تاہم چیف جسٹس نے انہیں روسٹرم پر بولنے کی اجازت نہیں دی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ضمانت کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ہیں اور دونوں جانب کے وکلاء کو آئندہ سماعت تک قانونی نکات پر تیاری کی ہدایت دی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ، جس میں میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس شفیع صدیقی شامل تھے، نے سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی۔






تبصرے بند ہیں