سانحہ کاہنہ کے بعد ایک اور افسوسناک واقعہ: سمر کیمپ کے دوران اسکول کی چھت گرگئی

لاہور: سانحہ کاہنہ کے بعد باغبانپورہ میں سمر کیمپ کے دوران اسکول کی چھت گر گئی ، جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ جاں بحق اور 4 مزدور زخمی ہوئے تاہم باقی تمام بچے محفوظ رہے۔

سانحہ کاہنہ کے بعد لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ایک اور انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نجی اسکول میں تعمیراتی کام کے دوران چھت گرنے سے 10 سالہ معصوم بچہ جاں بحق اور 4 مزدور شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

جہاں ڈاکٹرز نے 10 سالہ ابوبکر کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ زخمی مزدوروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کی توسیع کے لیے وہاں تعمیراتی کام جاری تھا اور اچانک چھت کا ملبہ نیچے آ گرا، حادثے کے وقت اسکول میں سمر کیمپ جاری تھا اور وہاں بڑی تعداد میں بچے موجود تھے تاہم خوش قسمتی سے دیگر تمام بچے اس حادثے میں محفوظ رہے۔

جاں بحق ہونے والے 10 سالہ بچے کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل کاہنہ روڈ پر قائم ٹیوشن سینٹر کی کمزور چھت پر تعمیرات اور مرمت کا کام جاری تھا، کہ چھت پر ضرورت سے زیادہ وزن ہونے کے باعث لوہے کے ٹی آر گارڈر بوجھ برداشت نہ کر سکے اور یکدم ٹوٹ گئے، جس سے منوں وزنی ملبہ نیچے پڑھتے ہوئے بچوں پر جا گرا، واقعے کے وقت سینٹر میں 35 بچے موجود تھے، جن میں سے 14 معصوم جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔

READ  مذہبی جذبات کو ملک میں تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے: فیلڈ مارشل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں