جنوبی افریقا کو دھچکا، جارح مزاج بیٹر پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر

South Africa suffers setback

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر ڈیوالڈ بریوس انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔

منگل کو جنوبی افریقی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب مڈل آرڈر بیٹر ڈیوالڈ بریوس کندھے کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز سے باہر ہوئے۔

22 سالہ بریوس کو گزشتہ ہفتے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران کندھے میں چوٹ لگی تھی۔

بعد ازاں اسکین سے پتہ چلا کہ ان کے کندھے میں کھنچاؤ ہے، جس کے باعث وہ ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کندھے کی معمولی چوٹ کے باعث ڈیوالڈ بریوس پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ بریوس کے متبادل کھلاڑی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بریوس کو ‘بے بی اے بی’ کے لقب سے جانا جاتا ہے، کیونکہ ان کا بیٹنگ انداز اے بی ڈی ویلیئرز سے مشابہت رکھتا ہے۔

بریوس اب تک جنوبی افریقا کی جانب سے 6 ایک روزہ میچوں میں شرکت کر چکے ہیں، جن میں انہوں نے 110 رنز 159.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز 4 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

READ  بھارت میں موجود غیر ملکی کھلاڑی پریشان، آئی پی ایل کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں