سیلاب متاثرین کے بلوں پر ٹیکس معاف کیے جائیں گے
وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ، رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکس فوری طور پر معاف کیے جائیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا خاتمہ وفاقی حکومت کرے گی جبکہ لینڈ ریونیو کی معافی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔
رانا تنویر نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اضافی بجلی بلوں پر بھی نوٹس لیا جائے گا، کیونکہ یہ وہ بل ہیں جو سیلاب سے قبل ہی پرنٹ ہو چکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی، اور جیسے ہی سروے مکمل ہوگا، کسان پیکج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں ماہ کے وسط تک متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل کرلیا جائے گا، جبکہ فصلوں کے نقصانات کا ابتدائی ڈیٹا بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہر فصل کو ایک سے تین فیصد تک نقصان پہنچا ہے، تاہم سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ گوجرانوالہ ڈویژن ہے جہاں فصلوں کو 18 فیصد تک نقصان ہوا ہے۔ رانا تنویر کے مطابق دھان کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔





تبصرے بند ہیں