جنوبی پنجاب کے لیے اگلے تین دن بڑا چیلنج; ڈی جی پی ڈی ایم اے
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ بھارت اپنی ضرورت کے مطابق ڈاؤن اسٹریم نہروں میں پانی چھوڑ رہا ہے، تاہم راوی اور ستلج میں پانی کا اخراج رک چکا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام "جیو پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلالپور پیروالا کی صورتحال انتہائی خراب ہے کیونکہ اسے تین دریاؤں، راوی، چناب اور ستلج کے پانی نے متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق چند گھنٹے پہلے ایک شگاف پڑنے سے مزید پانچ سے چھ آبادیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم مقامی افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج جلالپور پیروالا کا دورہ کریں گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق 175 سے زائد ریسکیو بوٹس علاقے میں کام کر رہی ہیں لیکن لوگوں کے انخلا سے گریز نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ شگاف پر کرنے کے لیے مشینری مصروف عمل ہے جبکہ پاک فوج ایک ہفتے سے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ موقع پر موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نارووال، شیخوپورہ، لاہور اور ننکانہ میں پانی کے بہاؤ میں کمی آرہی ہے، جبکہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور چنیوٹ میں پانی تیزی سے اتر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں پانی کم ہورہا ہے وہاں ریلیف کیمپوں سے لوگ واپس گھروں کو جا رہے ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ اگلے تین دن جنوبی پنجاب کے لیے بڑا چیلنج ہوں گے، ملتان، مظفرگڑھ، لیاقت پور اور رحیم یار خان کی صورتحال تشویشناک ہے۔






تبصرے بند ہیں