آزادی کا اعلان 15 اگست 1947 کو ہوا، لیکن پاکستان میں یومِ آزادی 14 اگست کو کیوں منایا جاتا ہے؟ اس سوال کا تفصیلی جواب جیو نیوز کے پروگرام "کیپیٹل ٹاک” میں حامد میر نے دستاویزی شواہد کے ساتھ دیا۔
حامد میر کے مطابق، انڈین انڈیپینڈنس ایکٹ 1947 کی رُو سے پاکستان اور بھارت دونوں 15 اگست کو وجود میں آئے۔ پاکستان کے پہلے جاری ہونے والے ڈاک ٹکٹ پر بھی یہی تاریخ یعنی 15 اگست درج تھی۔ تاہم، بعد میں یہ تاریخ 14 اگست کیوں اختیار کی گئی؟
جون 1948 میں، وزیراعظم لیاقت علی خان کی قیادت میں پاکستان کی پہلی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ہر سال 14 اگست کو منایا جائے۔ اس فیصلے کے پیچھے کئی وجوہات تھیں، جن میں سب سے اہم یہ تھی کہ 1947 میں اقتدار کی منتقلی (ٹرانسفر آف پاور) کی تقریب کراچی میں 14 اگست کو ہوئی تھی۔ اسی روز لارڈ ماؤنٹ بیٹن پاکستان کا مختصر دورہ کر کے بھارت واپس گئے، جہاں 15 اگست کو بھارت میں ٹرانسفر آف پاور کی تقریب ہوئی۔
ایک اور تکنیکی نکتہ یہ ہے کہ جب 15 اگست کی رات 12 بجے آزادی کا اعلان ہوا، اس وقت پاکستان میں گھڑی کے مطابق 14 اگست کی رات ساڑھے 11 بجے تھے، کیونکہ پاکستان کا وقت بھارت سے 30 منٹ پیچھے ہے۔ یوں پاکستان میں آزادی کا لمحہ 14 اگست کو ہی آیا۔
بھارت کے سابق وزیر خارجہ جسونت سنگھ نے بھی اپنی کتاب میں 15 اگست کو بھارت کا یومِ آزادی منانے پر تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ جاپان کے ہتھیار ڈالنے والے دن سے بھارت کا کیا تعلق؟
واضح رہے کہ بھارت آج بھی اپنا یومِ آزادی 15 اگست کو مناتا ہے، جبکہ پاکستان میں یہ دن 14 اگست کو منایا جاتا ہے۔






تبصرے بند ہیں