برطانیہ: امریکی ایئربیس واقعے میں ملوث 2 افراد پر فردِ جرم عائد

برطانیہ میں امریکی ایئر بیس آر اے ایف فیئر فورڈ میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے سلسلے میں 2 افراد پر قومی سلامتی قانون کے تحت مختلف جرائم کے الزامات عائد کر دیے گئے۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مطابق 24 سالہ محمد عبدالکریم، جو دہری برطانوی اور ایرانی شہریت رکھتے ہیں اور 24 سالہ نعمان اصغر، جو برطانوی شہری ہیں، ان دونوں کے خلاف قومی سلامتی قانون کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔

محمد عبدالکریم پر ایران کی خفیہ ایجنسی کی معاونت کرنے، جبکہ نعمان اصغر پر برطانیہ کے مفادات کے منافی مقصد کے لیے ممنوع مقام میں داخل ہونے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ جنوب مغربی انگلینڈ کے علاقے گلوسٹرشائر میں واقع ایئر بیس کو رواں سال ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے دوران امریکی بمبار طیاروں کے حملوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

نعمان اصغر کو 27 ستمبر کو ایئر بیس کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا، اس موقع پر مسلح پولیس اہلکاروں اور فوجی ماہرین کی بڑی تعداد نے دیہی علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور فوجی ماہرین کی جانب سے دھماکا خیز مواد کی تلاش کے دوران درجنوں مقامی رہائشیوں کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔

محمد عبدالکریم کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا، حکام کے مطابق اس معاملے میں مزید 6 افراد کو بھی گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے کچھ ہی عرصے بعد امریکی بی ون بمبار طیاروں کو مذکورہ ایئر بیس سے واپس امریکا منتقل کر دیا گیا تھا۔

READ  کراچی: دہلی گورنمنٹ اسکول سیل کرنے کیخلاف طلبہ کا احتجاج

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں