وفاقی حکومت کراچی میں دلچسپی نہیں لیتی: بلاول بھٹو زرداری

The federal government takes no interest in Karachi

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو کراچی پر توجہ دینی چاہیے، وفاقی حکومت شہر میں دلچسپی نہیں لیتی۔ شہر میں وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے۔

لیاری میں آئی اسپنسر اسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے نمائندے کراچی میں دلچسپی لیتے نہیں اور شہر میں نفرت پھیلانے میں لگے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آئی اسپنسر اسپتال کو فعال کیا گیا ہے، جہاں آنکھوں کے امراض کا علاج مفت کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسپنسر آئی اسپتال میں مفت علاج کروانے آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مہنگا علاج ہونے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ ملک میں مہنگائی اور بےروزگاری عروج پر ہے اور سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے معاشی بوجھ کو کم کرسکے۔

بجلی کے بلوں کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بل اتنے بڑھ چکے ہیں کہ عوام کو ادائیگی میں مشکلات ہیں۔ سوچ رہا تھا کاش ہم پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کرسکتے، سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ لیاری کے عوام کو شمسی توانائی فراہم کرے۔

صوبے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے اور بار بار سامنے آیا ہے۔ سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور سندھ کے عوام ہی سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

READ  مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب مؤخر

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 28ویں ترمیم کے بارے میں ہمیں کسی نے کچھ نہیں بتایا۔

اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لیاری میں اسپنسر آئی اسپتال مکمل طور پر شمسی توانائی پر چل رہا ہے۔ اسپنسر آئی اسپتال شہر کا تاریخی ورثہ تھا۔ بلدیاتی اداروں کی طرح یہ اسپتال بھی تنزلی کا شکار ہوا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں جب موقع ملا تو ہم نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت اسے دوبارہ شروع کیا۔ آنکھوں کے امراض کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، ہفتہ وار سرجری بھی کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں