تین ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی بیٹرز نے مایوس کن پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم 25 اعشاریہ 3 اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز 17، کپتان شاہین شاہ آفریدی 15 اور عرفات منہاس 10 رنز بنا سکے جبکہ ان کے علاوہ کوئی اور بیٹر ڈبل فگر میں شامل نہیں ہوسکا۔
سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری، فخر زمان 5 اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 23 رنز پر گری جب معاذ صداقت 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کی سری لنکا کے خلاف تیسری وکٹ 46 رنز پر گری جب سعد بیگ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور چوتھی وکٹ 61 رنز پر گری، سلمان علی آغا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 61 اور چھٹی وکٹ 64 رنز پر گری، بابر اعظم 29 اور شاداب خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے خلاف پاکستان کی ساتویں اور آٹھویں وکٹ 91 جبکہ نویں وکٹ 92 پر گری، عرفات منہاس 10، حسن نواز 17 اور حارث رؤف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان شاہین شاہ آفریدی تھے انہوں نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے دلشن مدوشنکا نے 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے آسان ہدف 19ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کمنڈو مینڈس نے 62 اور پوون رتنائیکے نے 23 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔ اوشکا فرنینڈو 16 اور کوشل مینڈس 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور عرفات منہاس نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے ٹرائی سیریز کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا جبکہ انگلینڈ کا سری لنکا کے خلاف گروپ کا آخری میچ رسمی کارروائی ہوگا۔






تبصرے بند ہیں