وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوئی نہیں کہہ سکتا آئندہ 2 سے 3 ماہ کے دوران تیل کی قیمت کس رفتار سے بڑھے گی۔
اسلام آباد میں احسن اقبال نے وزیراعطم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معشیت اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، تمام ممالک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی نہیں کہہ سکتا آئندہ 2، 3 ماہ کے دوران کس رفتار سے قیمت بڑھے گی، پوری دنیا ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات سے باخبر ہے کہ تیل کی قیمت میں اضافہ عام شہری کو کس طرح متاثر کرتا ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سفارتکاری کا عمل شروع کیا، ان سفارتی کوششوں کا مقصد خطے میں تناؤ کا خاتمہ ہے تاکہ تیل کی قیمتیں کم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی غیر ذمے دارانہ اقدام نہیں کرنا چاہتی، جماعت اسلامی کے وفد کو حکومتی مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے اپنی تجاویز دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں 3، 3 رکن ہوں گے، کمیٹی تمام تجاویز پر غور کر کے حتمی شکل دے گی۔






تبصرے بند ہیں