راولپنڈی میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز 5 وکٹوں پر 281 رنز بنالیے، خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے قبل ہی ختم کردیا گیا۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے، سعود شکیل 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد طحہٰ نے 51 اور بابر اعظم نے 50 رنز بنائے، اذان اویس نے 30، سلمان علی آغا نے 16 رنز بنائے، تاہم کوئی بھی بیٹر اپنی نصف سنچری کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کرسکا۔
سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 112 گیندوں پر 57 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل ہیں۔ غازی غوری 7رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سےاسیتھا فرنانڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں، دلشن مدوشناکا، ملان رتنائیکے اور سونل ڈینوشا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دن کے آخری سیشن میں پاکستان نے 67 رنز بنائے اور 2 وکٹیں گنوائیں۔ خراب روشنی کے باعث 67.2 اوورز کے بعد کھیل روک دیا گیا۔
میچ کے پہلے روز سری لنکن بولرز نے زیادہ تر فاسٹ باؤلنگ کی، تاہم اوورز کی رفتار سست رہی۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہے اور اگر ٹیم 400 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تو میچ میں بڑا اسکور بنانے کا اچھا موقع ہوگا۔
دوسرے روز کھیل پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
سری لنکا کا پاکستان کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ
راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ اسکواڈ میں 4 فاسٹ بولرز شامل کیے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے پہلے سیشن میں اپنی اسٹرنتھ پر کھیلیں۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم میں تجربہ کار پلیئرز بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں، جن میں طیب عارف، محمد طحہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
بابر اعظم، اذان اویس، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد عباس، رضا اللّٰہ اور غازی غوری بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔






تبصرے بند ہیں