پی ایس ایل کی ڈائریکٹ سائننگ مکمل، مہنگا ترین کھلاڑی کون؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

میتھیوشارٹ سب سے مہنگے کھلاڑی رہے ۔ آسٹریلوی کرکٹر سے راول پنڈیز نے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ، اسلام آباد یونائیٹیڈ نے میٹ ہینری کو 7 کروڑ 7 لاکھ میں سائن کیا۔

لاہور قلندرز نے کمندو مینڈس، کراچی کنگز نے عادل راشد اورملتان سلطانز نے لارنس مورس کو براہ راست سائن کیا۔

پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے اس مرتبہ کسی کھلاڑی سے براہ راست معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں فرنچائزز کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، تبادلوں اور نیلامی کے ذریعے اپنے اسکواڈز تشکیل دیں گی۔

پی سی بی کے مطابق براہ راست سائننگ کے قواعد کے تحت ہر فرنچائز کو ایسے ایک کھلاڑی سے معاہدے کا اختیار دیا گیا تھا جس نے پی ایس ایل کے دسویں اور گیارہویں ایڈیشن میں حصہ نہ لیا ہو۔

فرنچائزز براہ راست سائن کیےگئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی جس کے لیے 13 جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

تمام 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے والی فرنچائز کے لیے گزشتہ نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری میں شامل ایک کھلاڑی کو دوبارہ نیلامی کے لیے ریلیز کرنا لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ پشاور میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائےگا۔

READ  نوشکی آئل ٹینکر دھماکا: مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، ہلاکتیں 7 ہوگئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں