نجی نیوز چینل کی خاتون اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں مقتولہ کے گھریلو ملازم کا اہم بیان سامنے آگیا۔
پولیس نے نیوز اینکر ربیعہ احسن کے بھائی خرم کی مدعیت میں دفعہ 302 کے تحت شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقتولہ کے بھائی نے تھانہ صدر بیرونی میں قتل کی درخواست جمع کروائی تھی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق دوسری بہن نے فون کر کے بتایا کہ ربیعہ احسن کو اس کے شوہر نے گولی مار دی، موقع پر پہنچا تو بہن خون میں لت پت تھی اور اس کی موت ہو چکی تھی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ربیعہ کی 14 سال قبل احسن سے شادی ہوئی تھی، مقتولہ کے اہلخانہ نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان کوئی ناچاقی نہیں تھی، گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھے اور سردیوں کے نکالے جا رہے تھے۔
مقتولہ کی بیٹیوں، بہن اور والدہ نے پولیس کو بتایا کہ میاں بیوی خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔
گھریلو ملازم نے پولیس کو بتایا کہ کپڑوں میں سے 30 بور پستول نکلنے پر شوہر احسن نے اسے ہاتھ میں لہرایا تو اس سے اچانک گولی چل گئی جو ربیعہ کو جا لگے۔
ربیعہ احسن کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق گولی گردن کے نچلے حصے میں سامنے سے لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق فرانزک لیب کی رپورٹس آنے کے بعد مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی، جائے وقوعہ سے ملنے والا پستول بغیر لائسنس کا ہے، قتل کے تمام محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔





تبصرے بند ہیں